پتور26/اکتوبر(ایس او نیوز) یہاں سے قریب باڈاگا بنوّر نامی گاؤں میں دس لٹیروں پر مشتمل ایک ٹولی نے دن دہاڑے گھر میں گھس کر لوٹ مچائی ہے۔موصولہ تفصیل کے مطابق لٹیروں نے وشنو بھٹ نامی کسان کے گھر میں گھسنے کے بعد گھر کی مالکن اور ملازمہ کے منھ پر ٹیپ چپکایا۔ پھر ان کے ہاتھ اور پیر کپڑوں سے باندھنے کے بعد گھر میں موجود سونے اور چاندی کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
لٹیروں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ کنڑا اور تُولو زبانیں بول رہے تھے اور وشنو کے بیٹے کے بارے میں پوچھتے ہوئے گھر میں داخل ہوئے تھے۔ لوٹے گئے زیورات کی مالیت کا اندازہ 2.5لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔پولیس کے اعلیٰ افسران بشمول ایس پی بھوشن گلاب راو بوراسے،اے ایس پی ویدا مورتھی وغیرہ نے جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا ہے۔اور ڈاگ اسکواڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہے۔